وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، خطے کی سیکیورٹی اور بجٹ امور زیر غور
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ایک اہم اور ہنگامی اجلاس جاری ہے، جس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی، آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ، اور ملک کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کابینہ کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیں گے، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری ایران-اسرائیل تنازع کے پاکستان پر ممکنہ سفارتی و معاشی اثرات پر روشنی ڈالی جائے گی۔
اجلاس میں وفاقی بجٹ 2025-26 کی منظوری کے لیے جاری سیاسی مشاورت، اتحادی جماعتوں سے رابطوں، اور پارلیمانی حمایت کے حصول کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق کابینہ میں بجٹ سے متعلق تجاویز، اتحادیوں کی رائے اور ممکنہ ترامیم پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
اجلاس کے دوران ملک کی داخلی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اہم سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔ عالمی اور علاقائی سطح پر رونما ہونے والی پیش رفتوں کے تناظر میں پاکستان کی حکمت عملی، ردعمل، اور سفارتی پوزیشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں حالیہ دنوں پاکستان کے اعلیٰ سطح سفارتی وفود کے غیر ملکی دوروں پر بھی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ ان دوروں کے دوران حاصل ہونے والی سفارتی کامیابیوں، بین الاقوامی معاہدوں، اور ممکنہ اقتصادی تعاون کے اثرات کا تجزیہ کیا جائے گا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اجلاس نہ صرف موجودہ علاقائی تناؤ کے تناظر میں اہمیت کا حامل ہے، بلکہ آئندہ مالی سال کے لیے حکومتی پالیسی کی سمت متعین کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔






