اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

"آپریشن بنیان مرصوص” میں طلبا کا کلیدی کردار، ڈی جی آئی ایس پی آر کا جناح ویمن یونیورسٹی میں خطاب

کراچی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی عزائم کو خاک میں ملانے والے "آپریشن بنیان مرصوص” میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبا و طالبات نے مثالی کردار ادا کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قومی آپریشن میں عوام کا اتحاد اور طلبا کا شعور دشمن کے اسٹریٹجک مفروضوں کے لیے کاری ضرب ثابت ہوا۔

لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” نہ صرف عسکری محاذ پر ایک بڑی کامیابی تھی بلکہ یہ عوامی شعور، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کی بھی ایک درخشاں مثال ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بلوچستان کے عوام مذہب، ثقافت اور روایات کے گہرے رشتوں سے پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "فتنہ الہندوستان” کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے عوام کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکتے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پاک فوج کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ طالبات نے کہا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے مضبوط تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے اس بات کا اظہار بھی کیا کہ ایسے معلوماتی اور حوصلہ افزا سیشنز نوجوان نسل کو باخبر رکھنے اور قومی خدمت کے جذبے کو بیدار کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں آپ جیسے با شعور نوجوانوں کی موجودگی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button