اہم خبریںدنیا

اقوام متحدہ کی اسرائیل اور ایران سے تحمل کی اپیل، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار

نیویارک – مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اقوام متحدہ نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ:

"مشرق وسطیٰ کسی بھی نئی فوجی کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ تمام فریقین سے اپیل ہے کہ وہ شدید تصادم سے ہر ممکن حد تک گریز کریں اور امن و استحکام کو اولین ترجیح دیں۔”

اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق، گوتریس نے ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں پر خاص تشویش کا اظہار کیا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ یہ کارروائیاں امریکا اور ایران کے درمیان جاری ایٹمی مذاکرات کے دوران کی گئیں، جو خطے میں سفارتی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ:

"کسی بھی ملک کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا جواز نہیں دینا چاہیے، اور تمام تنازعات کا حل صرف پرامن اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔”

سیکریٹری جنرل کی یہ اپیل ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں جنگ کے بادل گہرے ہوتے جا رہے ہیں اور عالمی برادری خطے میں ممکنہ انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے متحرک ہو رہی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button