وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے اہم دورے پر جدہ پہنچ گئے
اسلام آباد / جدہ (نیوز ڈیسک) – وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر دو روزہ اہم دورے پر جدہ پہنچ گئے۔ وزیراعظم کا دورہ 5 اور 6 جون کو جاری رہے گا، جس دوران وہ عیدالاضحی سعودی عرب میں منائیں گے۔
وزیراعظم کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے خصوصی ملاقات بھی متوقع ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی امن و سلامتی، اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود جیسے اہم امور پر تعاون بڑھانے کی حکمت عملی زیر غور آئے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت کا حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں مثبت اور تعمیری کردار پر شکریہ بھی ادا کریں گے، جو کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی ایک روشن مثال ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کرے گا۔ اس دورے سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملنے اور اقتصادی شراکت داری میں مزید بہتری کی امید کی جارہی ہے۔






