اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

امریکی کانگریس میں پاکستان کا مؤقف اجاگر، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی اہم ملاقاتیں

واشنگٹن: چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے واشنگٹن میں امریکی کانگریس کے متعدد اراکین سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی امن، پاک-بھارت کشیدگی، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور انسدادِ دہشت گردی جیسے اہم موضوعات پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفد نے امریکہ میں ایک مصروف دن گزارا، جس دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ امریکی سینیٹرز اور کانگریس اراکین سے تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقاتوں میں جنوبی ایشیا کی صورتحال، بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی، معاہدہ سندھ طاس کی خلاف ورزی، اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر توجہ دلائی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے امریکی قیادت کو آگاہ کیا کہ:

"بھارتی حکومت کی جانب سے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا، جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی اور پانی جیسے بنیادی انسانی حق کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔”

انہوں نے زور دیا کہ:

"جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف مذاکرات، سفارتکاری اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔”

پاکستانی وفد نے ملاقاتیں سینیٹر ایلیسا سلوٹکن، سینیٹر جم بینکس، سینیٹر وان ہولن، سینیٹر کوری بوکر، کانگریس مین ٹام کین جونئیر، سڈنی کملاگرڈو اور جان مولینار سے کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس دوران وفد نے بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور ان کے خطے میں امن پر منفی اثرات سے بھی آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے پاک-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو عوامی فلاح کے لیے تعمیری پل قرار دیا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button