نیویارک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دراصل اسرائیلی وزیراعظم کی پالیسیوں کی نقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی پہلے گجرات کا قصائی کہلایا، پھر کشمیر میں ظلم کی نئی تاریخ رقم کی، اور اب سندھ کی تہذیب کو روندنے کی کوشش کر رہا ہے۔
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو اقدامات کیے، وہ اسرائیل کے "آبادکاری ماڈل” سے متاثر ہوکر کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات اور امن کی بات کرتا رہا ہے، لیکن بدقسمتی سے بھارت واحد ملک ہے جو اقوام متحدہ اور عالمی قوانین سے منہ موڑ رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کرے گا، تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ "ہم پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، یہ ایک بنیادی انسانی حق ہے،” بلاول بھٹو نے زور دیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں امن اور استحکام کے لیے بین الاقوامی سطح پر سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔






