ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، عید کے دوران شدید گرمی کا امکان
اسلام آباد (محکمہ موسمیات) — محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج (پیر) سے جمعرات تک اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دنوں میں یعنی 7 سے 9 جون کے دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان اور مانسہرہ میں بھی بارش متوقع ہے، جو موسم کو نسبتاً خوشگوار بنا سکتی ہے۔
دوسری جانب میدانی علاقوں میں عید کی چھٹیوں کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خصوصاً دن کے اوقات میں غیر ضروری دھوپ سے بچنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔






