بنوں: میریان پولیس اسٹیشن پر حملہ ناکام، پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار
بنوں: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں واقع میریان پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کی کوشش کو پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر بھرپور جوابی فائرنگ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ پولیس اہلکار مکمل محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جوانوں کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹال دیا گیا، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
عوام نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی جانفشانی اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔






