بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے، کبھی الگ نہیں ہوسکتا: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا، اسے کبھی پاکستان سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بات ہلال ٹاکس کے ایک خصوصی سیشن میں کہی، جس میں ملک بھر سے 1950 سے زائد سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ یہ مکالمہ علمی، قومی اور عسکری ہم آہنگی کی ایک اہم کاوش تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا:
"بلوچستان پاکستان کی معیشت، معاشرت اور ثقافت میں رچا بسا ہے۔ یہ خطہ پاکستان کا سب سے امیر صوبہ بنے گا، اور دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔”
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت اور اس کی پراکسیز پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیسے عناصر کو مکمل مالی و فکری معاونت بھارت سے حاصل ہے، اور ان کی قیادت بھی بھارت میں بیٹھی ہے۔
"بی ایل اے فتنہ الہند ہے، اور یہ لوگ ہندوستان کے زر خرید غلام ہیں جو اپنے ہی ملک کے خلاف سرگرم ہیں۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں قوم اور فوج کے مضبوط رشتے کو بھی اجاگر کیا:
"عوام سے افواج ہیں اور افواج سے عوام۔ محبت کا یہ لازوال رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔”
یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب خطے میں دشمن عناصر پاکستان کے داخلی استحکام کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم ڈی جی آئی ایس پی آر کے الفاظ نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام مکمل یکجہتی سے ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔






