اہم خبریںدنیا

نریندر مودی کو جی 7 اجلاس کی دعوت تاحال موصول نہیں، شرکت مشکوک

اوٹاوا / نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کینیڈا میں رواں ماہ ہونے والے جی 7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تاحال باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، جس کے باعث وہ ممکنہ طور پر گزشتہ چھ برسوں میں پہلی بار اس اہم عالمی اجلاس سے غیر حاضر رہ سکتے ہیں۔

جی 7 اجلاس کینیڈا کی میزبانی میں 15 سے 17 جون 2025 کے دوران منعقد ہوگا، جس میں دنیا کی بڑی معیشتوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ بھارت کو حالیہ برسوں میں بطور مہمان ملک اس اجلاس میں مدعو کیا جاتا رہا ہے، تاہم اس بار صورتحال مختلف نظر آ رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی حکومت کے قریبی ذرائع نے عندیہ دیا ہے کہ اگر دعوت دی بھی گئی، تب بھی وزیر اعظم مودی کی شرکت یقینی نہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تعلقات خالصتان تحریک کے معاملے پر تناؤ کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئی دہلی کو خدشہ ہے کہ کینیڈا کی نئی حکومت بھارتی تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی، جس کے باعث اعلیٰ سطح پر شرکت پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کینیڈین حکومت اور جی 7 کانفرنس کے منتظمین کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، نہ ہی اس بات کی تصدیق یا تردید کی گئی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا یا نہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر بھارت اس عالمی اجلاس سے غیر حاضر رہتا ہے تو یہ نہ صرف سفارتی سطح پر ایک واضح پیغام ہوگا، بلکہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button