بھارت کے جارحانہ اقدامات کیخلاف پاکستان کا نو رکنی وفد نیویارک میں اہم بین الاقوامی ملاقاتیں شروع کرے گا
بھارت کی طرف سے شہریوں کی اموات اور مودی حکومت کی آبی جارحیت سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کے لیے پاکستان کا نو رکنی وفد آج سے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق یہ وفد اقوام متحدہ میں چین اور روس کے مندوبین سے ملاقات کرے گا تاکہ بھارتی جارحیت اور اس کے خطے میں امن و استحکام کے لیے پیدا کردہ خطرات پر عالمی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔ اس کے علاوہ، وفد او آئی سی (اسلامی تعاون تنظیم) کے سفیروں سے بھی نیویارک میں ملاقات کرے گا تاکہ پاکستان کے موقف کی حمایت حاصل کی جا سکے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں یہ وفد مختلف سیاسی اور سفارتی شعبوں کے تجربہ کار ارکان پر مشتمل ہے، جن میں سینئر سیاستدان شیری رحمان اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جلیل عباس جیلانی، مصدق ملک، خرم دستگیر، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم بٹ اور تہمینہ جنجوعہ بھی وفد کے اہم ارکان ہیں۔
یہ ملاقاتیں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تقویت دیں گی اور عالمی برادری کو بھارتی غیر قانونی اقدامات کی حقیقت سے آگاہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ وفد کی یہ کوششیں کشمیری عوام اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔






