لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں "چیف منسٹر آسان کاروبار فنانس اسکیم” اور "کاروبار کارڈ” کے تحت زیرِ غور درخواستوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق اب تک 3 ہزار 10 افراد کو 18 ارب روپے کے آسان قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے مختلف شعبہ جات میں کاروباری سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں۔
اہم اعداد و شمار کے مطابق:
ٹرانسپورٹیشن کاروبار کے لیے 1,312 افراد کو 3 ارب 91 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔
ٹریڈنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کے لیے 175 افراد نے 3 ارب 94 کروڑ روپے کا فائدہ اٹھایا۔
ٹریڈنگ کے شعبے میں 24 ہزار 522 افراد کو 10 ارب 75 کروڑ روپے دیے گئے۔
ایگری سمال بزنس کے تحت 10 ہزار 699 افراد کو 3 ارب 69 کروڑ روپے کے قرضے دیے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایکسپورٹ اور مینو فیکچرنگ سیکٹر کے لیے بھی قرضہ اسکیم کے تحت علیحدہ پلان پیش کرنے کی ہدایت دی، تاکہ صنعتی ترقی میں بھی نمایاں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ "آسان کاروبار فنانس” اور "کاروبار کارڈ” اسکیم کے تحت زیر التوا درخواستوں کی جلد از جلد جانچ پڑتال مکمل کی جائے تاکہ مستحق افراد بروقت مالی مدد حاصل کر سکیں۔
یہ اقدام پنجاب حکومت کی معیشت کو مستحکم بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے وژن کا حصہ ہے۔






