اہم خبریںپاکستاندنیا

پاکستان سے تجارتی بات چیت کے لیے وفد اگلے ہفتے امریکا پہنچے گا” ٹرمپ کا بڑا اعلان”

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے نمائندے آئندہ ہفتے امریکہ کا دورہ کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی ٹیرف سے متعلق معاہدے پر بات چیت کی جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات جوائنٹ بیس اینڈریوز پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ہم اس وقت بھارت کے ساتھ تجارتی ڈیل کے بہت قریب ہیں، اور پاکستانی نمائندے بھی اگلے ہفتے امریکہ آ رہے ہیں تاکہ ٹیرف کے معاملے پر گفت و شنید کی جا سکے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ مثبت انداز میں کام کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان کو امریکہ کی جانب سے اپنی برآمدات پر 29 فیصد ٹیرف کا سامنا ہے، جو کہ ملک کے 3 ارب ڈالر کے تجارتی سرپلس کے تناظر میں اہم مسئلہ ہے۔ اسی طرح بھارت کو بھی امریکی شپمنٹس پر 26 فیصد ٹیرف برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر اوول آفس میں معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ امریکہ نے ماضی میں کئی بار پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکا۔ "یہ نویں بار ہے کہ ہم نے دونوں ممالک کو کشیدگی سے باز رکھا، کیونکہ ایسی صورتحال جوہری تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔”

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے جنگ بندی کو ممکن بنایا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ "ہم ان لوگوں کے ساتھ تجارت نہیں کر سکتے جو ایک دوسرے پر گولیاں برسا رہے ہوں۔”

ان کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں امن قائم رہے گا تو امریکہ دونوں ممالک کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تجارتی معاہدے کرنے میں سنجیدہ ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button