اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

نیپرا چیئرمین کا اعلان: فی الحال بجلی کا ریٹ برقرار رہنے کا امکان

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین محمد ادریس نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کے اجلاس میں بتایا ہے کہ فی الحال بجلی کے نرخوں میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں ہے اور موجودہ ریٹس پر بجلی فراہم جاری رہے گی۔

اجلاس میں بجلی کے ٹیرف اور ڈسٹری بیوشن کمپنیز (ڈسکوز) کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ رانا محمد حیات نے سوال اٹھایا کہ کیا آئندہ مالی سال بجلی کے نرخوں میں مزید کمی ہو گی؟ انہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبے کو 30 فیصد ریلیف دیا گیا ہے جبکہ زرعی شعبے کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔

سیکریٹری پاور ڈویژن نے وضاحت کی کہ صنعتی شعبے کو ریلیف کراس سبسڈی کے خاتمے کی وجہ سے ملا ہے اور بجلی کے شعبے کے لیے جامع منصوبہ بندی جاری ہے۔

اجلاس میں جنید اکبر نے بھی شرکت کی اور انہوں نے لائن لاسز کم نہ ہونے اور صارفین کو بجلی کی ناقص فراہمی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "ہم تعاون کرتے ہیں لیکن لائن لاسز کم نہیں ہو رہے اور صارفین کو آٹھ آٹھ گھنٹے بجلی نہیں ملتی۔”

سی ای او پیسکو نے اپنی جانب سے علاقے میں بہتری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ سے صورتحال بہتر ہوگی اور ریلیف مالی سال کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری نے ہدایت دی کہ بجلی کا ریلیف ماہانہ بنیادوں پر دیا جائے اور متعلقہ ایس ڈی اوز کی ذمہ داری مقرر کی جائے تاکہ صارفین کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔

سیکریٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ سابقہ فاٹا میں 2008ء سے گھریلو صارفین کی بلنگ نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے سالانہ 20 سے 30 ارب روپے کا مالی نقصان ہو رہا ہے۔ فاٹا کے صارفین کو فی الحال بجلی بنیادی ضروریات کے لیے محدود گھنٹے دی جاتی ہے اور ان کے واجبات وفاقی حکومت ادا کرتی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button