یومِ تکبیر پر مریم نواز کا پیغام: ایٹمی دھماکے پُرامن و محفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں
لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکے نہ صرف ملکی دفاع کا مظہر ہیں بلکہ یہ ایک پُرامن اور محفوظ پاکستان کی مضبوط ترین ضمانت بھی ہیں۔
اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ "آج اس تاریخی دن کو 27 سال گزر چکے ہیں، مگر پاکستانی قوم کا سر آج بھی فخر سے بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے دنیا کو باور کروایا کہ پاکستان نہ صرف امن کا خواہاں ہے بلکہ اپنے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم آج بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ممنون ہے جنہوں نے دنیا کے دباؤ، پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود قومی سلامتی کو ترجیح دی اور چاغی کے پہاڑوں سے "اللہ اکبر” کی صدا بلند کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔
واضح رہے کہ 28 مئی 1998ء کو پاکستان نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ کامیاب ایٹمی تجربات کیے، جس سے نہ صرف خطے میں طاقت کا توازن بحال ہوا بلکہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بن گیا۔
یومِ تکبیر، پاکستانی قوم کے عزم، اتحاد اور خودداری کی علامت ہے، اور ہر سال یہ دن اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان ہمیشہ امن چاہے گا، مگر کسی بھی خطرے کے سامنے جھکے گا نہیں۔





