لاہور:
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے فاتح کپتان شاہین شاہ آفریدی کو دنیائے فٹبال کی سب سے بڑی تنظیم فیفا نے عالمی سطح پر غیر معمولی اعزاز سے نوازا ہے۔ فیفا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شاہین آفریدی کی لاہور قلندرز کی جرسی کو لیونل میسی، نیمار جونیئر اور لوکا موڈرچ جیسے عظیم فٹبالرز کی جرسیز کے ساتھ شامل کیا ہے۔
فیفا ورلڈکپ کے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر "نمبر 10” کے عنوان سے جاری کردہ پوسٹ میں چار کھلاڑیوں کی جرسیز دکھائی گئی ہیں جن میں پی ایس ایل چیمپئن شاہین شاہ آفریدی کی جرسی نمایاں طور پر شامل ہے۔ یہ اقدام نہ صرف شاہین کی قیادت اور کارکردگی کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے شائقین کے لیے بھی ایک خوش آئند لمحہ ہے۔
اعلیٰ حکام کے مطابق اس پوسٹ کا مقصد فیفا ورلڈکپ سے قبل پاکستانی فینز کو متحرک کرنا اور عالمی سطح پر کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کو اجاگر کرنا ہے۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز نے حال ہی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک سنسنی خیز فائنل مقابلے میں شکست دے کر تیسری بار پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی، اور شاہین آفریدی نے ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اپنی کلاس اور قیادت کا لوہا منوایا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کرکٹر کو فیفا جیسے ادارے نے عالمی فٹبال لیجنڈز کی فہرست میں علامتی طور پر شامل کیا ہے، جو کھیلوں میں سرحدوں سے بالاتر پذیرائی کا ثبوت ہے۔






