اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم نے اس تاریخی دن کو "قومی خودداری، ناقابل تسخیر دفاع اور قوم کے اتحاد” کی علامت قرار دیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ "پاکستان اس مرتبہ یومِ تکبیر ایک اہم اور تاریخی موقع پر منا رہا ہے، جہاں ہم بھارت کی حالیہ مسلط کردہ جارحیت کا بھی جرات مندی سے سامنا کرچکے ہیں اور فتح یاب ہوئے ہیں۔ 6 سے 10 مئی تک جاری رہنے والے معرکے میں اللّٰہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں کامیابی نصیب ہوئی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ 28 مئی 1998 کو اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے چاغی کے پہاڑوں کو گواہ بنایا، اور پاکستان کو ایک ایٹمی ریاست بنا کر دشمن کے ہر عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کی امنگوں کی سچی ترجمانی کی، نہ اقتصادی پابندیاں، نہ بین الاقوامی دباؤ، اور نہ ہی کسی لالچ نے انہیں متزلزل کیا۔ چاغی کے پہاڑوں سے گونجنے والی "اللّٰہ اکبر” کی صدا آج بھی قومی غیرت اور عزم کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ "یہی جذبہ اور روایت حالیہ بھارتی حملوں کے خلاف بھی قوم نے دہرائی، اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ یہ یومِ تکبیر ہمارے اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔”
انہوں نے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھنے والے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، تمام سائنسدانوں، انجینئرز، افواجِ پاکستان اور قومی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کرنے پر پوری قوم مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔
آخر میں وزیراعظم نے کہا، "یومِ تکبیر صرف ایک تاریخ نہیں، یہ ہمارے غیر متزلزل قومی عزم، قربانیوں اور اتحاد کی روشن علامت ہے۔”






