ریاض/تہران:
سعودی عرب میں موجود ایرانی مذہبی عالم غلام رضا قاسمیان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی عالم کو سوشل میڈیا پر سعودی حکومت کے خلاف تنقیدی پوسٹ کرنے پر حراست میں لیا گیا، جس کے بعد تہران میں سیاسی و مذہبی حلقوں نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
غلام رضا قاسمیان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود تھے، جب انہیں سکیورٹی حکام نے حراست میں لیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو "غیر منصفانہ اور غیر قانونی” قرار دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران مسلم اُمہ کے اتحاد کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کی مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے تعلقات میں بہتری کی موجودہ فضا کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
عباس عراقچی نے رواں برس حج کے انتظامات کو سراہتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران حج کے مقدس فریضے کو کامیابی سے جاری رکھنے کے عزم میں سعودی عرب کے ساتھ ہے۔
دوسری جانب ایرانی عدلیہ نے عالم دین کی گرفتاری کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مذہبی شخصیات کو آزادیِ اظہار رائے کا حق حاصل ہے اور ان کی گرفتاری تشویش ناک ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی وزارت اطلاعات نے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا ہے۔






