مخصوص نشستوں پر آئینی حق ملنا چاہیے، علی محمد خان کا مؤقف
اسلام آباد – تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کی تقسیم آئین کے مطابق ہونی چاہیے، جو جماعتیں عام انتخابات میں ووٹ لیتی ہیں انہیں انہی کے تناسب سے مخصوص نشستیں دی جانی چاہئیں، نہ کم اور نہ زیادہ۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا اس حوالے سے کوئی کیس نہیں بنتا کیونکہ جتنی نشستیں ان کے حصے میں آنی تھیں، وہ انہیں پہلے ہی مل چکی ہیں۔ "اگر ایک بھی اضافی نشست دی جاتی ہے، تو یہ بھی آئینی خلاف ورزی ہوگی، بالکل ویسے ہی جیسے کسی جماعت کو اس کی حق دار نشست نہ دینا۔ ہم اب بھی پرامید ہیں کہ ہمیں ہمارا آئینی حق ملے گا۔”
معیشت کی بہتری عالمی عوامل کی مرہون منت ہے: مفتاح اسماعیل
دوسری جانب سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان میں معاشی استحکام کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ استحکام بنیادی طور پر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا نتیجہ ہے، نہ کہ حکومتی پالیسیوں کا۔
انہوں نے کہا، "بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے سے ملک کو چار سے پانچ ارب ڈالر کی بچت ہوئی ہے، جس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑا ہے۔ لیکن اگر حکومت یہ سمجھے کہ ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا کر یا محض ترامیم اور قوانین پاس کرنے سے معیشت بہتر ہوئی ہے، تو یہ درست مؤقف نہیں۔”
مفتاح اسماعیل نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "نوکری پیشہ افراد پر 38 فیصد، کمپنیوں پر 61 فیصد اور کاروباری افراد پر 49.5 فیصد ٹیکس عائد کرنے سے معیشت میں بہتری نہیں آتی، بلکہ اس سے کاروباری ماحول متاثر ہوتا ہے۔”





