ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع، کسانوں کے لیے الرٹ جاری
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے کہ ملک میں موسم کی تبدیلی کا امکان ہے۔ ایک تازہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 28 مئی سے پاکستان میں داخل ہونے جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں 27 سے 31 مئی کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق:
کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، مری اور راولپنڈی میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
زیریں سندھ کے اضلاع جیسے بدین، ٹھٹہ، حیدرآباد، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں بھی 27 سے 30 مئی کے دوران گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بارشیں گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے وقتی سکون کا باعث بن سکتی ہیں، تاہم محکمہ موسمیات نے کسانوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ موسمی سلسلہ نہ صرف درجہ حرارت میں کمی لائے گا بلکہ فضاء میں گرد و غبار کم کرکے ہوا کے معیار میں بھی بہتری لا سکتا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔






