اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، واسا اور پولیس کی بروقت کارروائی
اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں جمعہ کو اچانک چھا جانے والے کالے بادلوں اور تیز ہواؤں کے بعد موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، جس کے باعث شہریوں نے موسم کی خوشگوار تبدیلی کو خوب سراہا۔
ترجمان واسا کے مطابق بارش کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی، اور شہر کا موسم سہانا ہوگیا۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے بتایا کہ تمام متعلقہ ٹیمیں متحرک ہیں اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔ شمس آباد میں 29 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 30، گولڑہ میں 10 اور کچہری میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور فی الحال صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
اسلام آباد کی چند شاہراہوں اور آبپارہ کے علاقے میں پانی جمع ہونے سے وقتی مشکلات پیش آئیں، تاہم پولیس اور امدادی ٹیموں نے فوری رسپانس دیتے ہوئے شہریوں کی مدد کی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی۔
علاوہ ازیں، مری، باجوڑ، چکوال، تلہ گنگ، لاوہ، کلرکہار اور چوآسیدن شاہ میں بھی گرج چمک اور تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ان علاقوں میں بھی موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
آئیسکو کے ترجمان کے مطابق شدید ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک کے مختلف علاقوں میں 11 کے وی کے متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بعض مقامات پر درخت اور سائن بورڈ گرنے سے بجلی کے کھمبے اور تاریں متاثر ہوئیں، تاہم مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔
بارش سے جہاں ایک طرف گرمی کی شدت کم ہوئی ہے، وہیں واسا، پولیس اور ریسکیو اداروں کی بروقت کارروائیوں نے شہریوں کو بڑے مسائل سے محفوظ رکھا، جو قابلِ تحسین ہے۔






