اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پاکستان کا مؤقف کامیابی سے ہمکنار، بھارت کا بیانیہ ناکام: عطاء تارڑ

کراچی:
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ صورتحال میں واضح عسکری برتری کا مظاہرہ کیا ہے اور بھارت کا جھوٹا بیانیہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

کراچی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کی اہلیہ کی عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں تدفین کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارت کے وزیرِ خارجہ سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا، کیونکہ بھارت ایک من گھڑت بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مؤقف کو بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا، اور اس جدوجہد میں ثمینہ قاسم جیسے محب وطن افراد نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ن لیگ کے سوشل میڈیا سیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے اطلاعاتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

عطاء تارڑ نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف جلد ہی ایران، آذربائیجان اور ترکیہ کا دورہ کریں گے تاکہ دوست ممالک سے تعاون کے رشتے مزید مضبوط کیے جا سکیں۔ انہوں نے ترکیہ کے کردار کو "مثالی” قرار دیا اور کہا کہ دوست ممالک نے "حق کے بیانیے” کا بھرپور ساتھ دیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک شاندار فتح عطا کی، جس میں ایئر فورس کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو جرأت نہیں ہوئی کہ ہمارے ساحلوں کی جانب دیکھ سکے، جو پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد کی غمازی کرتا ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایک پیج پر ہے، اور یہی قومی اتحاد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button