وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کامیاب دورۂ چین، پاک چین شراکت داری میں نیا باب رقم
اسلام آباد — وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے چین کا تین روزہ سرکاری دورہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا، جس میں پاکستان اور چین نے عالمی و علاقائی امن و ترقی کے لیے اپنے مشترکہ ویژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ اہم دورہ 19 سے 21 مئی 2025 تک جاری رہا، جس کے دوران وزیرِ خارجہ نے چینی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، سی پیک کی پیشرفت، علاقائی استحکام، اور عالمی سطح پر تعاون کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے میں پاکستان اور چین نے اپنی "آہنی دوستی” کو ایک بار پھر پختہ کرنے کا عہد کیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی تعاون نہ صرف دونوں اقوام کی ترقی کے لیے اہم ہے بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
دفتر خارجہ نے اس کامیاب دورے کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقاتیں پاک چین دوستی کے نئے امکانات اور مشترکہ ترقی کی راہوں کو مزید ہموار کریں گی۔






