اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وزیر اعظم اور صدر مملکت کی خضدار اسکول بس حملے کی شدید مذمت، دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے کا عزم

اسلام آباد / خضدار — وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز بربریت قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر درندگی کی تمام حدیں پار کر دیں۔ انہوں نے اس حملے کو بھارت کی پشت پناہی میں پلنے والے عناصر کی تعلیم دشمن ذہنیت کا واضح ثبوت قرار دیا۔ وزیر اعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کو فوری اور ترجیحی طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی، اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے کے ذمہ داروں کا فوری تعین کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد بلوچستان کے امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتے، اور ریاست دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

صدر مملکت کا شدید ردعمل: دہشتگردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے گھناؤنا اور ناقابلِ معافی جرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول جانے والے بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف کھلی جنگ ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، اور پاکستان ان عناصر کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگرد نہ صرف تعلیم دشمن ہیں بلکہ ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے بھی دشمن ہیں۔

قوم کا عزم: متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے
وزیراعظم اور صدر نے واضح کیا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ بلوچستان میں امن، تعلیم اور ترقی کا سفر کسی صورت نہیں رُکے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button