اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پاکستان کی غزہ میں انسانی بحران پر شدید تشویش، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

اسلام آباد — نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ میں ہر پانچ میں سے ایک شخص کو شدید بھوک کا سامنا ہے اور پوری آبادی غذائی عدم تحفظ اور قحط جیسے خطرناک حالات سے دوچار ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے جاری زمینی کارروائیاں نہ صرف انسانیت کے خلاف ہیں بلکہ یہ خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ بھی ہیں۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ اسرائیلی حملوں میں جان بوجھ کر اسپتالوں، طبی مراکز اور اہم انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو کہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر روکے اور انسانی بنیادوں پر امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے جبری بے دخلی کی ہر کوشش کی بھرپور مخالفت کرتا ہے اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی ضمیر کو اب بیدار ہونا ہوگا، اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں تحفظ، انصاف اور آزادی میسر آ سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button