اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

بھارتی جارحیت کے متاثرین کے لیے بڑا اقدام: وزیرِ اعظم نے 34 کروڑ 30 لاکھ روپے کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی

لاہور: بھارتی حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں کے لیے وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے امدادی پیکج کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت پنجاب کے 14 اضلاع کے متاثرہ خاندانوں کو 34 کروڑ 30 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

حکومتِ پنجاب نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے امدادی فنڈز آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس میں منتقل کر دیے ہیں تاکہ رقوم فوری اور شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچ سکیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق امدادی رقم تین کیٹیگریز میں تقسیم کی جائے گی:

شہداء کے ورثا کو ایک کروڑ روپے

شدید زخمیوں کو 20 لاکھ روپے

اور معمولی زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ ہر امداد صرف جائز حقدار کو دی جائے گی اور ادائیگی سے قبل مکمل تصدیقی عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہدا کے قانونی وارثوں کے سوا کسی تیسرے فریق کو رقوم ادا نہیں کی جائیں گی، جبکہ متاثرین کی ذاتی معلومات کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔

یہ امدادی پیکج قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، مری، بہاولپور، بہاولنگر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سیالکوٹ، خانیوال، اوکاڑہ، اور راولپنڈی کے متاثرہ شہریوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے عوامی و سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ یہ پیکج نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف ہے بلکہ ریاست کی طرف سے اظہارِ یکجہتی اور ذمہ داری کا عملی ثبوت بھی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button