ڈی جی آئی ایس پی آر: پاکستان امن کا خواہاں، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے
اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاہم ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ایک غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے خود جنگ بندی کی درخواست کی، جس پر پاکستان نے بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت جواب دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ پاک-بھارت تناؤ کے پس منظر کو سمجھنا ضروری ہے، کیونکہ بھارت خطے میں بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے بیانیے کو بھی بے نقاب کیا جو بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے ہمیشہ حقائق اور انصاف پر مبنی مؤقف اختیار کیا ہے۔ بھارت کو پیشکش کی گئی کہ اگر کوئی ثبوت ہے تو غیر جانبدار اداروں کو فراہم کرے، تاہم بھارت نے اس راستے سے انکار کیا اور یکطرفہ اقدامات کی راہ اپنائی۔
انہوں نے واضح کیا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارتی حملے کے جواب میں پاک فضائیہ نے بھرپور دفاع کیا اور پانچ بھارتی طیارے مار گرائے۔ 10 مئی کی صبح پاکستان نے نہایت احتیاط کے ساتھ صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور کسی شہری ہدف کو نقصان نہیں پہنچایا، جس سے پاکستان کی ذمہ داری کا مظاہرہ ہوتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن، سنجیدہ اور ذمہ دار قوم ہے، جس کی پہلی ترجیح امن ہے، لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہم ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہیں، اور دشمن کسی خوش فہمی میں نہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں، خصوصاً امریکا، پاکستانی عوام کے جذبے اور افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں۔






