پاکستان کا دو ٹوک پیغام: سلامتی، خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا – ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد: ترجمان پاک فوج، ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک بین الاقوامی انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا، اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب بے رحمانہ انداز میں دیا جائے گا۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اور کسی بھی قسم کی سنگین کشیدگی خطے کے امن کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری، بالخصوص امریکہ، بھارتی عزائم کو جوہری خطرے کے تناظر میں سمجھنے لگی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت، اندرونی معاملہ قرار دے کر مقبوضہ کشمیر میں اپنی افواج کے ذریعے شہریوں کو ہراساں کر رہا ہے، جو قابل تشویش ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے منوایا ہے، اور ملک کی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مسلح افواج ہر وقت تیار ہیں۔





