اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے شریف خاندان اور پنجاب حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے دشمنی نہیں، بلکہ "ڈر” ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ "پنجاب حکومت اور شریف خاندان مودی سے لڑنے کے بجائے ہم سے لڑ رہے ہیں، کیا بانی پی ٹی آئی کو شہباز شریف فون نہیں کر سکتے؟”
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ "مودی کو جو تھپڑ لگے ہیں، وہ اس کا بدلہ لے گا اور مودی کو جواب دینے کے لیے بانی پی ٹی آئی کی ضرورت ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اگر خواجہ آصف نے بھارت سے کشمیر میں جاری دہشت گردی پر بات کرنے کی بات کی ہے تو یہ غلط ہو سکتی ہے، لہذا ان سے وضاحت طلب کی جانی چاہیے۔
تحریک انصاف کی اہمیت اور جنید اکبر کے معاملے پر وضاحت
علیمہ خان نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ "میڈیا کو لگتا ہے کہ عہدہ بہت بڑی چیز ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی کے لیے تحریک بڑی چیز ہے۔ تحریک انصاف کے لیے تحریک سے بڑھ کر کچھ نہیں۔”
انہوں نے جنید اکبر کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے جنید اکبر پر مزید بھروسہ کر کے تحریک چلانے کی ذمہ داری دی تھی، اور میڈیا کی رپورٹنگ پر حیرانی کا اظہار کیا۔
ای سی ایل سے نام نکالنے کے فیصلے پر اظہارِ خیال
علیمہ خان نے اپنے بارے میں ای سی ایل سے نام نکالنے کے فیصلے پر بھی بات کی اور کہا کہ "20 ماہ قبل میرا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، اور آج عدالت نے ای سی ایل سے میرا نام نکالنے کا فیصلہ دے دیا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ فیصلے پر عملدرآمد ہوتا ہے یا نہیں۔”






