اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

بھارتی جارحیت: 40 شہری اور 11 سپاہی شہید، قوم پُرعزم ہے — آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے 6 سے 10 مئی کے دوران بھارتی افواج کے بلااشتعال اور بزدلانہ حملوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی وحشیانہ کارروائیوں میں 40 معصوم شہری شہید اور 121 زخمی ہوئے، جبکہ دفاعِ وطن میں پاک فوج کے 11 جوان شہید اور 78 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی افواج نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب سے 10 مئی تک نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں شہید ہونے والوں میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں، جو بھارت کی بزدلانہ حکمت عملی کا کھلا ثبوت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا جرات مندانہ اور بھرپور جواب دیا، اور ہر قیمت پر وطنِ عزیز کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 11 جانبازوں میں پاک آرمی اور پاک فضائیہ کے افسران و جوان شامل ہیں، جن کے نام قوم ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھے گی:

نائیک عبدالرحمٰن

لانس نائیک دلاور خان

لانس نائیک اکرام اللّٰہ

نائیک وقار خالد

سپاہی محمد عدیل اکبر

سپاہی نثار

اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف

چیف ٹیکنیشن اورنگزیب

سینئر ٹیکنیشن نجیب

کارپورل ٹیکنیشن فاروق

سینئر ٹیکنیشن مبشر

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ شہداء پاکستان کی ہمت، حب الوطنی اور قربانی کی وہ روشن مثالیں ہیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ قوم ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ "یہ بالکل واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کوئی بھی کوشش فیصلہ کن ردعمل سے دوچار ہوگی۔ قوم متحد ہے، اور دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button