پاکستان کی شاندار فضائی برتری: بھارت کے 7 جنگی طیارے مار گرائے، 25 اہداف کامیابی سے انگیج
اسلام آباد: پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران شاندار دفاعی حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے 7 جنگی طیارے تباہ کیے اور 25 اہم اہداف کو کامیابی سے انگیج کیا۔ یہ انکشاف ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں کیا۔
ارشد ملک نے بتایا کہ بھارتی جہازوں کو مکمل طور پر جام کر دیا گیا جس کے بعد وہ کنٹرول کے بغیر فضا میں بھٹکتے رہے۔ ساتھ ہی، بھارت کی کئی ویب سائٹس اور گرڈ اسٹیشنز کو بھی بلاک کر دیا گیا، جس نے دشمن کی دفاعی صلاحیتوں کو مفلوج کر دیا۔
سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی کامیابی
پروگرام میں شریک وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی مؤثر دفاعی اور سفارتی حکمت عملی کے باعث بھارت کو پہلی بار کشمیر پر بات کرنے پر مجبور ہونا پڑا، جو ایک بڑی سیاسی فتح ہے۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے بالآخر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی قبول کرتے ہوئے مذاکرات پر رضامندی ظاہر کی، جس سے پاکستان کی موقف کی عالمی سطح پر تائید ہوئی۔
بھارت شدید دباؤ میں، جنگ خود اس کے گلے پڑ گئی: اعزاز چوہدری
سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھی اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ بھارت کے اپنے گلے پڑ گئی ہے۔ اب وہ شدید نفسیاتی اور سفارتی دباؤ کا شکار ہے۔
قوم کا سرفخر سے بلند، افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین
یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کی اعلیٰ عسکری تیاریوں کا ثبوت ہے بلکہ اس بات کا بھی مظہر ہے کہ پاکستان ہر محاذ پر اپنا دفاع مؤثر طریقے سے کر سکتا ہے۔ عوام، حکومت، اور تمام ادارے افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔






