اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش، گرمی کی شدت میں واضح کمی

لاہور – پنجاب بھر میں شدید گرمی کے بعد بالآخر موسم نے کروٹ بدل لی۔ لاہور سمیت متعدد شہروں میں رات گئے تیز آندھی اور بارش نے گرمی کی شدت میں خاطر خواہ کمی کر دی، جبکہ شہریوں نے موسم خوشگوار ہونے پر سکھ کا سانس لیا۔

لاہور میں کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کے بعد رات کے وقت اچانک تیز گرد آلود آندھی چلی، جس کے ساتھ ہی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں آندھی کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ وہیں سب سے زیادہ 8 ملی میٹر بارش بھی ریکارڈ ہوئی۔

بارش کے بعد شہر بھر میں موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی سے پریشان شہریوں کو راحت ملی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کا سلسلہ صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر قصور، پتوکی، کوٹ رادھا کشن، شیخوپورہ اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی اور بارش ہوئی، تاہم تیز ہواؤں کے باعث لیسکو کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ترجمان لیسکو کے مطابق، 2169 میں سے 295 فیڈرز پر سپلائی عارضی طور پر معطل ہوئی ہے، اور بارش رُکتے ہی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام سرکلز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ بارش بچوں اور پالتو جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

موسم کی یہ تبدیلی جہاں شہریوں کے لیے راحت کا سبب بنی، وہیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کا امکان موجود ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button