نئی دہلی: بھارتی فوج نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے کسی بھی ڈرون کی موجودگی کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور سرحدی صورت حال مکمل طور پر پُرامن اور قابو میں ہے۔
بھارتی فوجی ذرائع کے مطابق، پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر نہ کوئی دراندازی کی گئی ہے اور نہ ہی سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زمینی حقائق بھارتی میڈیا کے بیانیے کے برعکس ہیں۔
قبل ازیں، بھارتی صحافی برکھا دت سمیت بعض میڈیا حلقے کئی گھنٹوں سے یہ دعوے کر رہے تھے کہ پاکستانی ڈرونز بھارتی حدود میں سرگرم ہیں اور پاکستان سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
تاہم، خود بھارتی فوج کی جانب سے ان دعوؤں کی تردید سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ایسے بیانات بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی تھے، جن کا مقصد غیر ضروری تناؤ پیدا کرنا ہو سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی غیر مصدقہ خبروں سے میڈیا کی ساکھ متاثر ہوتی ہے اور علاقائی امن کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کا تسلسل جنوبی ایشیا میں امن کے لیے اہم ہے۔





