"13 لاکھ بھارتی فوج بھی ہمیں مرعوب نہیں کر سکتی، پاکستان ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہے – آرمی چیف”
اسلام آباد: پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے ذریعے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا گیا، جو افواج پاکستان کے عزم، تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے متعدد بار واضح کیا گیا تھا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ قوم سے کیا گیا وعدہ پورا ہوا اور دشمن کو واضح پیغام دے دیا گیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
آرمی چیف نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہمیشہ چھوٹی قومیں بڑی طاقتوں کو شکست دیتی آئی ہیں۔ الحمدللہ، افواج پاکستان اور پاکستانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ہر جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان ایک مضبوط دفاعی نظام رکھتا ہے، اور ملکی سالمیت کے تحفظ کا ہنر ہمیں ورثے میں ملا ہے۔ 13 لاکھ بھارتی فوج بھی پاکستان کو مرعوب یا دھمکا نہیں سکتی۔ ہمارے بزرگوں نے اس ملک کے قیام کے لیے جانوں کی قربانی دی، اور ہم اس کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے دوٹوک اعلان کیا تھا کہ پاکستان بھارت کی طاقت یا مکاری سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں، اب دشمن ہمارے جواب کا مشاہدہ کرے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، افواج پاکستان نے جس طرح دشمن کو مؤثر جواب دیا، وہ دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر ریاست ہے۔
آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص نہ صرف دشمن کے عزائم خاک میں ملا گیا بلکہ پوری قوم کے حوصلے اور افواج پاکستان کے جذبہ شہادت کو نئی بلندیوں پر لے گیا۔






