پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان کی دفاعی کامیابی پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے، اور کہا ہے کہ پاکستان کے مؤثر اور جرات مندانہ جوابی اقدامات نے بھارت اور وزیراعظم مودی کو دنیا کے سامنے شرمندہ کر دیا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جس بہادری سے دشمن کو جواب دیا ہے، اس کے بعد مودی حکومت اور بھارتی فوج دنیا کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے پاکستان کی عسکری قوت، اتحاد اور صلاحیت کو پوری دنیا پر آشکار کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے ہمیشہ دنیا کو پرامن پیغام دیا، لیکن بھارت نے جارحیت کا راستہ چُنا۔ پھر ہماری افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر ثابت کر دیا کہ ہم نہ صرف اپنی سرزمین کا دفاع کر سکتے ہیں بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔”
مولانا نے اسرائیلی مظالم پر بھی شدید دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیل اور بھارت ایک ہی سوچ اور منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ "غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کی شہادت پر عالمی برادری کو آواز اٹھانی چاہیے، بچوں کو مارنا کسی بھی مہذب دنیا میں قابل قبول نہیں ہو سکتا۔”
سربراہ جے یو آئی نے سندھ طاس معاہدے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اگر اس معاہدے کی خلاف ورزی کا سوچ رہا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ "ہم نے آپ کو تین دریا دیے تھے، اب انشاءاللہ پانچوں دریا ہمارے ہوں گے۔”
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
"مودی جی! آپ نہ کشمیر میں اپنے لوگوں کو تحفظ دے سکے، نہ سرحدوں پر اپنی فوج کو بچا سکے۔”
آخر میں مولانا فضل الرحمان نے پاکستان کے دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں حقیقی دوستی کا ثبوت دیا، اور اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی، تو "ایک راکٹ کے جواب میں سو راکٹ مارے جائیں گے۔”






