نیویارک / اسلام آباد — اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ایران، جرمنی اور برطانیہ سمیت عالمی برادری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے، اور اس پیش رفت کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ جنگ بندی نہ صرف دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد دے گی بلکہ دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ایک سازگار ماحول بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ امن کی حمایت اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
اس اہم موقع پر سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے رابطہ کیا، جس پر اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے بھی پاکستانی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کی امید کا اظہار کیا۔
ایران کی وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو اس موقع کو کشیدگی میں کمی اور خطے کے طویل مدتی امن کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
جرمن حکومت نے بھی بات چیت کو ہی تنازعات کے حل کا راستہ قرار دیتے ہوئے جنگ بندی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا، جب کہ برطانیہ نے بھی اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی استحکام کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
عالمی ردعمل سے واضح ہے کہ بین الاقوامی برادری اس پیش رفت کو جنوبی ایشیا کے دیرینہ مسائل کے پرامن حل کی جانب ایک نئی امید کے طور پر دیکھ رہی ہے۔






