اسلام آباد: سعودی وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے بھارت کے ہم منصب سے رابطہ کیا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں پر بات چیت کی۔ سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق، سعودی وزیرِ خارجہ نے بھارتی وزیرِ خارجہ سے بات کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور امن قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
فیصل بن فرحان السعود کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمیشہ امن کی حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے مصالحتی کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر بھارت امن چاہتا ہے تو پاکستان بھی تیار ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے اشتعال انگیز کارروائی کی تو پاکستان اس کا مؤثر جواب دے گا۔ اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے ان کی بات چیت ہوئی، جس میں کشیدگی کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا، کیونکہ یہ صورتحال عالمی سطح پر ناقابلِ برداشت ہے۔
پاکستان کی طرف سے امن کی کوششیں جاری ہیں اور عالمی برادری کی جانب سے بھی کشیدگی کو کم کرنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔





