اسلام آباد — پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں فیصلہ کن اقدام اٹھاتے ہوئے ’آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ آپریشن قومی خودمختاری کے تحفظ اور دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد بھارت کو اس کے جنگی عزائم سے باز رکھنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستانی ردعمل کے جواب میں کوئی مزید اشتعال انگیز اقدام اٹھایا تو پاکستان کی طرف سے نہایت سخت اور جامع جوابی کارروائی کی جائے گی، جس میں ہائی ویلیو اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔
اعلیٰ سطحی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ کسی بھی بھارتی حملے کی صورت میں صرف فوجی تنصیبات نہیں بلکہ بھارت کے معاشی مراکز بھی پاکستانی ردعمل کی زد میں آ سکتے ہیں۔ عسکری قیادت نے واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بھارتی حملہ اور دفاعی کامیابی
یاد رہے کہ بھارت نے حالیہ دنوں پاکستان کے تین فضائی اڈوں پر میزائل حملے کیے، جنہیں پاکستان کے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔ دفاعی حکام کے مطابق، حملوں کے بعد فوری طور پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا انتباہ
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بھارت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا:
"بھارت، ہمارے جواب کا انتظار کرو۔”
اب پاکستان کی طرف سے یہ جواب کارروائی کی صورت میں سامنے آ چکا ہے، جس کا پیغام واضح ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا دفاعی، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔






