اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مؤثر دفاع پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جنگ صرف ہتھیاروں یا عددی طاقت سے نہیں جیتی جاتی، بلکہ ایمان، حوصلے اور حکمت سے فتح حاصل ہوتی ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا:
"افواجِ پاکستان نے بھارتی بزدلانہ حملہ پسپا کر کے نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ دشمن کو بھاری نقصان پہنچا کر اُس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔”
تاہم انہوں نے ساتھ ہی زور دیا کہ جنگ کوئی حل نہیں، بلکہ مسائل کی جڑ ہے۔
"جنگ صرف گولی اور بم کا نام نہیں، یہ بھوک، غربت اور تباہی کا پیش خیمہ بھی بنتی ہے۔ پاک بھارت جنگ صرف دو ملکوں کا مسئلہ نہیں ہوگا، اس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔”
انہوں نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں محض بیانات کافی نہیں، عالمی طاقتوں کو اب ثالثی کے بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے چاہییں تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم رکھا جا سکے۔
چوہدری شجاعت کا یہ متوازن اور بصیرت سے بھرپور موقف ملک کی سیاسی قیادت کی جانب سے ایک سنجیدہ اور پرامن خارجہ پالیسی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو نہ صرف قومی مفاد بلکہ عالمی امن کے لیے بھی اہم ہے۔






