اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

بھارت باز نہ آیا؛ پاک فوج نے راولپنڈی، لاہور، کراچی سمیت دیگر شہروں میں دشمن کے ڈرونز مار گرائے

اسلام آباد: افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک کے مختلف علاقوں میں دشمن کے متعدد ڈرونز کو کامیابی سے نشانہ بنا کر ناکام بنایا۔ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال اور گھوٹکی میں ڈرونز گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں نے صورتِ حال کو قابو میں رکھا۔

لاہور کے علاقے والٹن میں تین ڈرون مار گرائے گئے۔ والٹن اور برکی میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں کے بعد مقامی افراد گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ سائرن کی آوازوں نے خطرے کی فضا پیدا کی۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو فوراً محفوظ بناتے ہوئے ڈرونز کا ملبہ قبضے میں لے لیا۔

گوجرانوالہ میں بھی ایک ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا گیا، جس کا ملبہ نواحی گاؤں ٹوکریاں کے کھیتوں سے برآمد ہوا۔ چکوال میں دیوالیاں کے قریب گرنے والے ڈرون کے ملبے کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ادھر سندھ کے علاقے گھوٹکی میں، داد لغاری تھانے کی حدود میں ایک ڈرون گرنے سے دو کسان زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک بعد ازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ اس افسوسناک واقعے پر علاقے میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام مقامات پر سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے جائے وقوعہ کو محفوظ بنا دیا ہے اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ افواج پاکستان کی بروقت کارروائیوں سے ایک بار پھر ثابت ہوا ہے کہ ملک کے دفاع کے لیے سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر مستعد اور چوکس ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی حکام کو دیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button