پاکستان کا بھرپور جواب، بھارتی فوج کا بٹالین ہیڈ کوارٹر اور کئی چیک پوسٹس تباہ — ویڈیوز منظر عام پر
نیوز ڈیسک (راولپنڈی/مظفرآباد)
پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی 6 مہار یونٹ کے بٹالین ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا، جس کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ہیڈ کوارٹر آزاد کشمیر کی وادی لیپا کے سامنے، مقبوضہ کشمیر میں واقع تھا۔
پاکستانی ایئر فورس نے گزشتہ رات بھارت کے 6 جنگی طیارے، جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے اور ایک ڈرون شامل تھے، فضا میں ہی تباہ کر دیے۔ اس کارروائی نے دشمن کے عزائم کو شدید نقصان پہنچایا اور خطے میں پاکستان کی فضائی برتری کو ایک بار پھر ثابت کر دیا۔
مزید برآں، پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دشمن کی متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ جورا سیکٹر میں ایک اور پوسٹ کو تباہ کیا گیا، جبکہ اس سے قبل پانڈو، چھتری، گفدار اور کوٹ کٹھیرا سیکٹرز میں دشمن کی اہم دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ کوٹ کٹھیرا میں دشمن کی سرلیا ون چیک پوسٹ کو مارٹر گولے سے نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستانی جوابی کارروائی میں دشمن کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی مکمل طور پر تباہ کیا گیا، جس کی ویڈیو ثبوت کے طور پر جاری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کو نہ صرف جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے بلکہ اس کی دفاعی پوزیشنز بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ پاک فوج دشمن کو اُس کی زبان میں جواب دے رہی ہے، اور پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔






