نیوز ڈیسک (اسلام آباد/لندن)
پاک بھارت سرحدی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں کو نیا سہارا ملا ہے۔ خطے میں غیر یقینی صورتحال اور ممکنہ رسد میں رکاوٹوں کے خدشے نے عالمی توانائی منڈی میں قیمتوں کو اوپر کی طرف دھکیل دیا ہے۔
بین الاقوامی رپورٹوں کے مطابق خام تیل کی قیمت میں ایک فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ قدرتی گیس کی قیمتیں 2 فیصد بڑھ گئیں۔ برینٹ خام تیل 62 ڈالر 52 سینٹس فی بیرل پر پہنچ گیا ہے، جبکہ امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) 59 ڈالر 54 سینٹس فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
قدرتی گیس کی قیمت بھی بڑھتے ہوئے 3 ڈالر 55 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو تک جا پہنچی ہے، جو خطے میں تناؤ کے معاشی اثرات کی واضح علامت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں کسی بھی سطح پر تنازعہ عالمی توانائی ترسیل پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے تیل اور گیس کی خریداری میں اضافہ کر دیا ہے۔
یہ صورتحال نہ صرف خطے کی جغرافیائی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ عالمی معیشت کی توانائی پر انحصار کی نزاکت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔





