اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، قومی قیادت کا وطنِ عزیز کے دفاع کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیفس آف سروسز اسٹاف کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) ہیڈکوارٹرز کا اہم دورہ کیا، جہاں قومی سلامتی، علاقائی صورتحال، اور دفاعی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور، نظم و ضبط کی حامل اور قربانی دینے والی افواج میں شمار ہوتی ہے۔

قومی قیادت کو مشرقی سرحد پر بھارتی جارحیت، ہائبرڈ وار فیئر کی حکمت عملی، اور دہشت گرد پراکسیز کے خطرات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم اور دیگر معزز شخصیات نے آپریشنل تیاریوں کو مزید مستحکم بنانے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے مشکل حالات میں ادارے کی پیشہ ورانہ بصیرت اور بروقت فیصلوں کو سراہا۔

یہ دورہ قومی قیادت اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور دفاع وطن کے لیے مشترکہ عزم کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button