مدینہ منورہ – حج 2025 کے تحت پاکستانی عازمین کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اب تک 69 پروازوں کے ذریعے 14,662 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، جبکہ آج مزید 11 پروازوں کے ذریعے 2,563 پاکستانی عازمین کی آمد متوقع ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر 39,717 عازمین حج براہ راست مدینہ منورہ پہنچیں گے، جہاں وہ مسجدِ نبوی ﷺ میں حاضری کی سعادت حاصل کریں گے اور زیاراتِ مقدسہ ادا کریں گے۔
حکام کے مطابق 7 مئی سے مدینہ منورہ میں موجود عازمین کو مرحلہ وار مکہ مکرمہ روانہ کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ وہ بروقت مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے تیار ہو سکیں۔ اسی طرح جدہ کے لیے حج پروازیں 14 مئی سے آغاز کریں گی۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی حکام کے تعاون سے تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کیے جا چکے ہیں، اور عازمین کو رہائش، کھانے، ٹرانسپورٹ اور رہنمائی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
عازمین اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے حکومت پاکستان کی حج انتظامات میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار بھی سامنے آیا ہے۔






