اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

فتح میزائل کا کامیاب تجربہ، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے: وزیر اعظم

راولپنڈی: پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے جدید ترین "فتح” میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کر کے اپنی دفاعی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا واضح مظاہرہ کیا ہے۔ تجربہ پاک فوج کی جاری مشق "اندس” کا حصہ تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے، جو جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے۔ تربیتی تجربے کا مقصد میزائل کی تکنیکی صلاحیت، درستگی اور فوج کی جنگی تیاری کا عملی جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، اعلیٰ فوجی افسران، اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینیئرز نے تربیتی تجربہ ملاحظہ کیا۔ تجربے کی کامیابی پر فوجی قیادت نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور اسے پاکستان کے دفاعی نظام کی قابلِ فخر پیشرفت قرار دیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کامیاب تربیتی لانچ پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، آرمی چیف اور میزائل کی تیاری میں شریک سائنسدانوں و انجینئروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ "فتح میزائل کی کامیاب لانچ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط، محفوظ اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے”۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر آصف علی زرداری نے بھی تجربے پر سائنسدانوں اور دفاعی ماہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دفاعی قوت ملکی سلامتی کی ضامن ہے اور سیکیورٹی فورسز، سائنسدانوں و انجینئروں کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتح میزائل کا کامیاب تجربہ اس امر کی تصدیق ہے کہ پاک فوج کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مادرِ وطن کا دفاع کرنے کے لیے مکمل تیار اور قابلِ اعتماد ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button