"دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، خودمختاری کو چیلنج کرنے والوں کو پُرعزم جواب ملے گا”
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ایسے دہشت گرد گروہ جو بلوچ شناخت کے نام پر بدامنی پھیلاتے ہیں، وہ درحقیقت بلوچ قوم کی عزت و وقار پر دھبہ ہیں۔ پاک فوج ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار نے یہ بات جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ 15ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہی۔
آرمی چیف نے بلوچستان کی ترقی کے لیے حکومت اور اداروں کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ متعدد ترقیاتی منصوبے اب نتائج دے رہے ہیں، جن سے عوام براہ راست مستفید ہو رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے قومی سطح پر یکجہتی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
ورکشاپ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، نوجوان، ماہرین تعلیم اور میڈیا کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اس کا مقصد صوبے کے مستقبل کے قائدین کو قومی و صوبائی امور پر بہتر فہم دینا اور قومی ردعمل کی تشکیل میں ان کا کردار واضح کرنا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے اور معاشرے کی بہتری میں سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ اس شراکت سے ترقی اور خوشحالی کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی جارحیت یا چیلنج کی صورت میں قوم کی عزت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، مسلک یا قومیت نہیں ہوتی، اور اس کا مقابلہ صرف قومی اتحاد اور پختہ عزم سے ممکن ہے۔
ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جس میں شرکاء نے آرمی چیف سے براہ راست گفتگو کی۔






