مکہ مکرمہ: مسجد الحرام میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے، جب کہ سعودی حکام نے حج کے انتظامات کو مؤثر اور منظم بنانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات کے تحت وزٹ ویزا رکھنے والے افراد پر مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات میں قیام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق وزٹ ویزا ہولڈرز کو حج سیزن کے دوران مکہ اور مقدس مقامات میں داخل ہونے یا رہائش اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، اور خلاف ورزی کی صورت میں ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ان ہدایات سے مقامی شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ادھر پاکستان سے قومی حج فضائی آپریشن کا بھی باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پہلی حج پرواز اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوئی، جس سے حجاج کرام کے سفرِ حج کا روح پرور مرحلہ شروع ہوا۔ حکام کے مطابق اس سال "روڈ ٹو مکہ” پراجیکٹ کے تحت سات خصوصی امیگریشن کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ عازمین کو امیگریشن کے مراحل میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے یہ انتظامات اس بات کا مظہر ہیں کہ حج کو پرامن، منظم اور بامقصد عبادت کا موقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔






