وفاقی وزیر اطلاعات کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی پروپیگنڈے کا بھانڈا پھوٹ گیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ملکی و غیر ملکی میڈیا کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا، جس کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور من گھڑت الزامات کو زمینی حقائق کی بنیاد پر بے نقاب کرنا تھا۔
وزارتِ اطلاعات کی معاونت سے منعقد ہونے والے اس دورے میں میڈیا نمائندگان کو ان مقامات تک رسائی دی گئی جنہیں بھارت بارہا دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانے قرار دیتا رہا ہے۔ تاہم، میڈیا نے ان علاقوں کا براہِ راست مشاہدہ کرتے ہوئے پایا کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں اور درحقیقت یہ مقامات عام شہری آبادی پر مشتمل ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کا آج منہ توڑ جواب دے دیا گیا ہے۔ "ہم نے آج دنیا کو سچ دکھا دیا ہے۔ ہم نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر امن کے داعی ہیں، مگر اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔”
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت، اپنی داخلی ناکامیوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے، لیکن عالمی میڈیا نے آج خود آنکھوں سے حقیقت دیکھ لی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات کرتا آیا ہے اور کسی بھی ملک یا خطے میں دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان فوری اور مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔






