اہم خبریںپاکستانتعلیم

کراچی میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2025ء کا آغاز، 1 لاکھ 26 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک

کراچی: کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات 2025ء کا پہلا مرحلہ آج 5 مئی سے شروع ہو گیا ہے، جس میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے مختلف گروپس سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔

یہ امتحانات پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، امپروومنٹ آف گریڈ/ڈویژن، ایڈیشنل سبجیکٹس، بینیفٹ کیسز، شارٹ سبجیکٹس، ٹی پی (بارہ پرچے) اور اسپیشل چانس سمیت مختلف کیٹیگریز کے تحت لیے جا رہے ہیں۔ امتحانات کا سلسلہ 29 مئی 2025ء تک جاری رہے گا۔

امتحانات کو دو شفٹوں میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ صبح کی شفٹ 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہو گی، جس میں پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور ہوم اکنامکس گروپس کے 92 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوں گے۔ جبکہ شام کی شفٹ دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہو گی، جس میں سائنس جنرل گروپ کے 34 ہزار 500 سے زائد امیدوار امتحان دیں گے۔

امتحانات کے لیے شہر بھر میں مجموعی طور پر 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 122 مراکز صبح کی شفٹ کے لیے جبکہ 60 مراکز شام کی شفٹ کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 36 مراکز کو "انتہائی حساس” قرار دیا گیا ہے جہاں اضافی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

بورڈ حکام کے مطابق شفاف اور منصفانہ امتحانات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی نگرانی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button