اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان: بجلی کی فری مارکیٹ کے قیام کی تیاری، نرخوں میں مزید کمی کا عندیہ

اسلام آباد – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں توانائی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عنقریب بجلی کی فری مارکیٹ قائم کی جائے گی، جس سے نہ صرف بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی بلکہ نرخوں میں بھی نمایاں کمی ممکن ہوگی۔

وزیراعظم نے یہ بات توانائی کے منصوبہ بندی اجلاس Integrated Generation Capacity Expansion Plan (IGCEP) 2024-2034 کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بجلی کے نرخوں میں کمی، مہنگے منصوبوں کو ختم کرنے اور توانائی کی پائیدار پالیسیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ مہنگے اور تاخیر کا شکار 7967 میگا واٹ کے منصوبوں کو IGCEP پلان سے نکالنے، اور دیگر منصوبوں کی تکمیل کی تاریخوں میں رد و بدل سے ملک کو تقریباً 17 ارب ڈالر (یعنی 4743 ارب روپے) کی خطیر بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے واضح الفاظ میں ہدایت دی کہ توانائی کے شعبے میں کسی بھی قسم کی تاخیر ناقابلِ قبول ہوگی۔ انہوں نے خاص طور پر دیامر بھاشا ڈیم جیسے قومی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ پانی کے ذخائر اور بجلی کی پیداوار کا مستحکم نظام قائم ہو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا، "ملک میں فری مارکیٹ کے قیام سے بجلی کی مسابقتی قیمت پر فراہمی ممکن ہوگی، جو توانائی کے شعبے کی پائیداری اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔”

اجلاس کے دوران IGCEP پر ازسرِنو جائزہ لینے سے متعلق پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے تاکہ ملک کو معاشی و ماحولیاتی طور پر مستحکم توانائی نظام میسر آ سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button